پیرس: ورلڈ کپ وارم اپ میچز میں آسٹریا نے دفاعی چیمپئن جرمنی کے ہوش اڑادیے، جرمن سائیڈ یہ مقابلہ 1-2 سے ہارگئی۔
آسٹرین شہر کیلگن فورٹ میں منعقدہ دوستانہ مقابلے میں جرمنی کی جانب سے میسوٹ اوزل نے کھیل کے 11ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچاکر ٹیم کو برتری دلوائی، دفاعی چیمپئن کی یہ سبقت پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔
دوسرے ہاف میں میزبان آسٹرین ٹیم نے نہایت عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جرمن ٹیم کو دباؤ کا شکار رکھا اور گول کرنے کے کئی عمدہ مواقع تخلیق کیے، جس کے نتیجے میں کھیل کے 53 ویں منٹ میں ہنٹریگر نے گول داغ کر حساب برابر کردیا، 69ویں منٹ میں شوئف نے آسٹریا کیلیے دوسرا اور فیصلہ کن گول بنادیا۔
لندن کے ویمبلے گراؤنڈ پر انگلینڈ نے نائیجیریا کو 2-1 سے تختہ مشق بنالیا، چاہل اور ہیری کین نے ایک ایک بار گیند کوجال کے سپرد کیا ، افریقی ٹیم کا خسارہ لوابی نے کم کیا، اسٹاک ہوم میں میزبان سوئیڈن اور ڈنمارک کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
برسلز میں ہوم سائیڈ بیلجیئم نے پرتگال کیخلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے شائقین سے بھرپور داد سمیٹی، مقررہ وقت کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم گول نہیں کرسکی۔
ناروے نے آئس لینڈ کیخلاف 3-2 سے کامیابی سمیٹ کر تیاریوں کو جانچا، فاتح ٹیم کیلیے جوہانسن، کنگ اور سورلوتھ نے گول کیے جبکہ ناکام سائیڈ کیلیے فینبوگسین اور سیگورڈیسن نے ایک ایک بار گیند کو جال کے سپرد کیا۔