چارسدہ (جیوڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی نے چارسدہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات 2013ء میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی تھی۔
دیر میں انتخابات کے دوران 90 ہزار جعلی ووٹ پکڑے گئے تھے۔ اس حوالے سے مقدمہ بھی درج ہے۔ الیکشن کمشن کو بھی آگاہ کیا تھا مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ اے این پی نے جوڈیشل کمشن کے سامنے پیش ہونے کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے جو کہ اپنی رپورٹ تیار کرکے پیش کرے گی۔
اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین کی حفاظت مسلمانوں کا فرض ہے لیکن یمن جنگ ہماری نہیں ہے۔ کوشش کی جائے کہ دونوں ممالک کے درمیان صلح ہو جائے ورنہ فوج بھجنے کا نتیجہ 80ء کی دہائی والا نکلے گا۔ اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ اگر کاشغر روٹ کو تبدیل کیا گیا تو اے این پی بھرپور احتجاج کرے گی۔