لاہور (یس ڈیسک) تحریک انصاف اور عوامی تحریک نے ایک بار پھر میدان میں اترنے کا اعلان کردیا ہے ، دھرنوں اور احتجاجی مظاہروں کا وہ سلسلہ جو کچھ عرصے سے رکا ہوا تھا اب ایک بریک کے بعد دونوں جماعتوں نے اسے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے سانحہ پشاور کے بعد دھرنا ختم کردیا تھا ، لیکن چار حلقوں میں تحقیقات کے مطالبے سےپیچھے نہیں ہٹی تھی ، اب حلقہ این اے 122 کی ممکنہ رپورٹس سامنے آنے کےبعد عمران خان نے ایک بار پھر میدان سجانے کا فیصلہ کرلیا ہے ، عمران خان جو اس وقفے کے دوران رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے۔انہوں نے بھی شادی کی چھٹیاں ختم کرکے کام پر واپسی کافیصلہ کرلیا ہے اور 18 جنوری کو دھرنا ورکرز کنونشن سےخطاب کریں گے ،18 جنوری ہی وہ ڈیڈ لائن ہے جو تحریک انصاف نے جوڈيشل کمیشن بنانے کےلیے حکومت کو دے رکھی ہے۔
تحریک انصاف کی ترجما ن کے مطابق 18 جنوری کےبعد ملک کے دیگر حصوں میں مرحلہ وار کنونشن منعقد ہوں گے اور اس سلسلے میں 8 فروری کو لاہور جبکہ 15 فروری کو پشاور میں کنونشن منعقد ہوں گے ۔دوسری طرف عوامی تحریک جس نے طاہر القادری کی علالت کےباعث دھرنے ختم کیے تھے، اب اس نے بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف نہ ملنے پر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے اور پہلا احتجاج لاہور میں 17 جنوری کو کیا جائے گا۔