لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے درجنوں کارکن سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ کے لیے سول سیکریٹریٹ کے سامنے احتجاج کررہے ہیں۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکن جوڈیشل رپورٹ کے حصول کے لیے لاہور میں سول سیکریٹریٹ کے سامنے احتجاج کررہے ہیں۔ اس دوران حکومت کے خلاف اور جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے حصول کے لیے نعرے بازی بھی کی جارہی ہے۔ دوسری جانب انتظامیہ نے سول سیکرٹریٹ کے داخلی دروازے عام شہریوں کے لیے بند کر دیے ہیں جب کہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ 3 روز میں لواحقین کے حوالے کرنے اور 30 روز میں پبلک کرنے کا حکم دیا تھا۔ فیصلے کی روشنی میں پنجاب حکومت نے رپورٹ جاری کردی تھی۔