اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) سینئر صحافی و تجزیہ کار رﺅف کلاسرا نے انکشاف کیا ہے کہ پیر کے روز سپیکر کے چیمبر میں احسن اقبال اور مراد سعید میں خوفناک لڑائی ہوئی اور ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی، اس دوران سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر صدمے کی حالت میں بیٹھے ہوئے تھے۔نجی ٹی وی آپ نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار رﺅف کلاسرا نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید میں سپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں کرپشن کے الزامات پر شدید لڑائی ہوئی اور دونوں میں ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی۔ دونوں کی لڑائی کے دوران سپیکر اسد قیصر شاک کی حالت میں تھے، احسن اقبال کا موقف ہے کہ مراد سعید انہیں اور سی پیک کو بدنام کر رہے ہیں۔رﺅف کلاسرا نے دونوں کے مابین ہونے والی لڑائی کی وجہ مراد سعید کی پیر کے روز قومی اسمبلی میں کی جانے والی تقریر کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لڑائی پارلیمنٹ کے اندر لڑی جارہی تھی وہ اب سپیکر آفس تک جاپہنچی ہے ، احسن اقبال کو قومی اسمبلی میں جواب دینا چاہیے تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ سی پیک میں کوئی کرپشن نہیں کرسکتا یا چین کرپٹ نہیں ہے تو وہ جھوٹ کہتے ہیں، اگر چین میں کرپشن نہ ہوتی تو وہاں لوگوں کو کرپشن پر سزائے موت کیوں ہوتی۔ خیال رہے کہ مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر کرپشن کے الزمات عائد کیے گئے ہیں۔ رﺅف کلاسرا نے کہا کہ لڑائی میں احسن اقبال نے مراد سعید کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جن کی وزیر مواصلات نے تصدیق کی ہے۔