اسلام آباد: تحریک انصاف کی منحرف رکن عائشہ گلالئی نے کہا ہےکہ عمران نیازی کا تحریک انصاف میں سے تختہ الٹ گیا ہے اور اب ہم پرانے لوگوں کے ساتھ جلد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
الیکشن کمیشن میں عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کے لیے ریفرنس پر سماعت ہوئی جس میں عائشہ گلالئی اپنے وکیل کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئیں اور جواب جمع کرایا۔ جب کہ عمران خان کے وکیل نے بھی عائشہ گلالئی کے خلاف تحریری دستاویزات جمع کرادیں تاہم الیکشن کمیشن نے ریفرنس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے ایک بار پھر عمران خان پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں خیبرپختونخوا کے عوام کا پیسہ اسی طرح لگایا گیا جس طرح عمران نیازی کے گھر میں لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو سوچنا چاہیے کہ وہ لاہور کا ضمنی انتخاب کیوں ہار گئے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپٹ لوگوں کو ساتھ ملا کر ملک سے کیسے کرپشن کا خاتمہ کرسکتے ہیں، ارب پتیوں اور وڈیروں کو ملا کر کیسے غریب اور مڈل کلاس کی بات کرسکتے ہیں، عمران نیازی نے الیکشن کمیشن کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے لیکن انہیں مشوری دیتی ہوں کہ وہ ووٹ نہ ملنے پر لاہور کے عوام کے خلاف عدالت جائیں۔ عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ عمران نیازی مڈل کلاس والوں پر جھوٹے مقدمے کرتے ہیں جس طرح مجھ پر کرپشن کا مقدمہ کیا لیکن عدالت نے مجھ پر کرپشن کے الزامات مسترد کردیئے۔ انہوں نے ایک بار پھر عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک کردار سے عاری شخص ہیں اور ان کا خواتین کے ساتھ رویہ درست نہیں، عمران خان پاکستان کی خواتین کا استحصال کررہے ہیں۔
عائشہ گلالئی نے مزید کہا کہ عمران خان حاسد شخص ہیں، وہ جس شیخ رشید کو کچھ سال پہلے چپڑاسی رکھنے پر راضی نہیں تھے اب اس شخص کو ہی وزیراعظم نامزد کردیا، کیا انہیں جہانگیر ترین، شاہ محمود سمیت کسی پارٹی کے شخص پر اعتماد نہیں جو کسی اور جماعت والے کو پی ٹی آئی کی طرف سے وزیراعظم نامزد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نذر گوندل، بابر اعوان، فردوس عاشق اور علیم خان جیسے لوگ جماعت پر قبضہ کرچکے ہیں، عمران نیازی نے کرپٹ لوگوں کو پارٹی کے معاملات سونپ دیئے ہیں اور پارٹی کو 1996 سے چلانے والوں کو نظر انداز کردیا گیا۔
عائشہ گلالئی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک پر بھی الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک ٹھیکیدار اور کرپٹ انسان ہیں، انہیں صوبے کا وزیراعلیٰ بنادیا گیا اب ان کے خلاف احتساب کمیشن کیسے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بزدل ہیں وہ ملک کیسے چلاسکتے ہیں، اب پارٹی میں ان کا تختہ الٹ گیا ہے، اکبر ایس بابر اور جسٹس وجیہہ جیسے لوگ میرے ساتھ آنے کو تیار ہیں، ہم جلد مل کر ایک میٹنگ کریں گے جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل اور جلسے کا اعلان کریں گے۔
عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ہماری جماعت ہے ہم اسی جماعت کے منشور کو تبدیل کریں گے۔ واضح رہےکہ عائشہ گلالئی نے اس سے قبل ہی عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے جب کہ پی ٹی آئی نے ان الزامات کی تردید کی اور عمران خان نے عائشہ گلالئی کو خط لکھ کر انہیں پارٹی کی منحرف رکن قرار دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا دیا تھا۔