اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (گلالئی) کی سربراہ عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ عمران خان کو ریحام خان کی کتاب سے بے نقاب ہونے کا ڈر ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کو کون نہیں جانتا ،پاکستانی خواتین ریحام خان کی مدد کریں۔
عائشہ گلالئی نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اخلاقی زوال کا شکار شخص ہے ریحام خان کو دھمکیوں کی مذمت کرتی ہوں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے امیدوار خواتین کو دھمکیاں دے رہے ہیں، لیڈر ملک میں طلاقوں کا رواج ڈال رہے ہیں، میرے معاملے میں عمران خان نے کمیٹی سے راہ فرار اختیار کیا، عائشہ گلالئی نے کہا کہ عمران خان اخلاقی اور مالی کرپشن میں ملوث ہیں، جاوید میانداد نے اپنی کتاب میں کہا عمران خان پیسوں سے چلنے والا میٹر ہے۔
جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب نے گذشتہ کئی دنوں سے ایک طوفان برپا کر رکھا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ اپنی کتاب میں ریحام خان نے جہاں اپنے دونوں سابق خاوندوں کی کردار کشی کی ہے وہیں انہوں نے خواتین کو بھی نہیں بخشا۔ ریحام خان نے اپنی کتاب میں جہاں پی ٹی آئی کی خواتین اور خاتون صحافیوں پر الزامات عائد کیے وہیں انہوں نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو بھی نہیں بخشا۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے بتایا کہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس اور عظمیٰ کردار پر گھناؤں نے الزامات عائد کیے ہیں اور کہا ہے کہ ان تمام خواتین کے عمران خان کے ساتھ تعلقات ہیں۔
ریحام خان نے کئی خاتون صحافیوں سے بھی عمران خان کے تعلقات ہونے کا دعویٰ کیا۔اپنی کتاب میں ریحام خان نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان سے متعلق لکھا کہ عمران خان علیمہ خان کا مذاق اُڑاتے تھے اور عمران خان مجھے کہتے تھے کہ علیمہ خان خود کو فاطمہ جناح سمجھتی ہے۔ ریحام خان نے کتاب میں دعویٰ کیا کہ علیمہ خان نے مجھے کہا کہ ہم عمران خان کو اپنا بھائی نہیں سمجھتے ، ہمارے لیے وہ ایک شخص ہیں جن سے ہم اپنا مقصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان کے بیٹے قاسم پر منشیات کے استعمال کا بھی الزام عائد کیا۔ واضح رہے کہ عمران خان کی کتاب کا مسودہ لیک ہونے پر میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا ہے جس کی وجہ ریحام خان کے اپنی کتاب میں عمران خان اور قریبی ساتھیوں پر عائد کیے جانے والے الزامات ہیں۔