پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین اظہر علی نے دبئی ٹیسٹ میں رنز کے انبار لگادیئے اور متعدد ریکارڈز اپنے نام کرلئے ۔پہلے سنچری، پھر ڈبل سنچری اور اس کے بعد ٹرپل سنچری ۔۔ وہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میں یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں ۔
ڈے نائٹ ٹیسٹ کی پہلی سنچری ، ڈے نائٹ ٹیسٹ کی پہلی ڈبل سنچری، ڈے نائٹ ٹیسٹ کی پہلی ٹرپل سنچری ۔۔ایک کے بعد ایک ریکارڈ ۔۔ دبئی ٹیسٹ میں اظہر علی نے ویسٹ انڈین بولرز کو مکمل بے بس کردیا اور یادگار ٹرپل سنچری بنا ڈالی۔
اظہر علی ڈے نائٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری، پھر ڈبل سنچری اور پھر ٹرپل سنچری کرنے والے پہلے بیٹسمین بن گئے ۔
اظہر علی پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے بیٹسمین ہیں۔ ان سے قبل حنیف محمد، انضمام الحق اور یونس خان بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں ۔
اظہر علی 302 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے جو کہ کسی بھی پاکستانی اوپنر کی دوسری سب سے بڑی اننگز ہے۔ ان کی ٹرپل سنچری کرکٹ کی تاریخ میں مجموعی طور پر 29ویں ٹرپل سنچری ہے جبکہ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے مجموعی طور پر 25 ویں بیٹسمین اور 15 ویں اوپنر ہیں ۔
اس اننگز کے دوران اظہر علی نے اپنے کیرئیر کے چار ہزار رنز بھی مکمل کرلئے ۔وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دسویں پاکستانی بیٹسمین ہیں ۔