سینیٹر نے ڈاک کے ذریعے اپنا استعفیٰ چیئرمین کو بھجوایا ، سینیٹ رکنیت میرے لئے ہمیشہ اعزاز رہی :بابر اعوان
اسلام آباد: سینیٹر ظہیر الدین بابر اعوان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد سینٹ کی رکنیت سے استعفیٰ بھجوا دیا ۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کا کہنا تھا کہ سنا ہے استعفیٰ ڈاک کے ذریعہ بھجوایا گیا ہے تاحال استعفیٰ نہیں ملا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق رہنما سینیٹر ظہیر الدین بابر اعوان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد سینیٹ کی رکنیت سے اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ۔ بابر اعوان نے ڈاک کے ذریعہ اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو بھجوا دیا ۔ ہاتھ سے لکھے استعفیٰ میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی مرضی سے مستعفی ہو رہے ہیں اور آرٹیکل 64 کی شق ون کے تحت استعفیٰ بھجوایا گیا ہے۔
بابر اعوان کا کہنا تھا کہ سینیٹ رکنیت ان کے لیے اعزاز رہی ، ہمیشہ ارکان کی کارکردگی کو سراہا ، قوی امید ہے کہ آپ کی قیادت میں ایوان بالا محروم اور کمزور طبقات کی مدد جاری رکھے گا۔ دوسری طرف سینیٹ سیکرٹریٹ کا کہنا تھا کہ سینیٹر بابر اعوان کا استعفیٰ تاحال موصول نہیں ہوا ، سنا ہے انہوں نے ڈاک کے ذریعہ استعفیٰ بھجوایا ہے ، چیئرمین آفس اور سیکرٹری کو ان کا استعفیٰ نہیں ملا۔