سرگودھا: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے جس کے بعد کچھ دیر میں انہیں رہا کردیا جائے گا۔
رکن قومی اسمبلی انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا میں پیش ہوئے، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جب کہ عدالت کے باہر جمشید دستی کے حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے جمشید دستی کے حق میں نعرے بازی کی۔ عدالت نے جمشید دستی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے، جمشید دستی کی رہائی کے لیے روبکار ڈسٹرکٹ جیل بھجوائی دی گئی ہے جہاں جیل انتظامیہ تصدیق کے بعد انہیں رہا کردے گی۔ واضح رہے کہ جمشید دستی کے خلاف مظفرگڑھ میں نہرتوڑنے، ناجائزاسلحہ برآمدگی اور اشتعال انگیز تقریر کے الزامات کے تحت مقدمات درج ہیں جب کہ 4 میں سے 3 مقدمات میں ان کی ضمانت پہلے ہی منظورہوچکی ہے۔