ننکانہ صاحب(محمد قمر عباس)بیساکھی تہوار میں شرکت کے لئے پاکستان آنے والے 2 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتری 15 اپریل کو ننکانہ صاحب پہنچیں گے ،بھارت سمیت دنیا بھر اور اندرون ملک سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لے لئے انتظامات شروع۔ تفصیلات کے مطابق گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کے منیجر سید عتیق گیلانی نے صحافیوں کو بتایا کہ12 اپریل کو شروع ہو نے والے سکھ مذہب کے دوسرے بڑے مذہبی تہوار بیساکھی میلہ میں شرکت کے لئے بھارت سے 2 ہزار سے زائد بھارتی سکھ پاکستان آئیں گے جو گوردوارہ پنجہ صاحب میں تین روزہ تقریبات میں شرکت کے بعد 15 اپریل کو ننکانہ صاحب آئیں گے جہاں وہ چار روز قیام کے بعد لاہور کے لئے روانہ ہوں گے ،انہوں نے بتایا کہ بھارتی سکھ یاتری 17اپریل کو گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا بھی کریں گے اور وہاں ا پنی مذہبی رسومات ادا کریں گے سید عتیق گیلانی نے بتایا کہ متروکہ وقف املا ک بور ڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق ،سیکرٹری شرائن خالد علی اور ڈپٹی سیکرٹری شرائن محمد عمران گوندل کی ہدائیت پر بھارت سمیت دنیا بھر اور اندرون ملک سے آنے والے سکھ اور ہندو یاتریوں کے قیام و طعام ،لنگر اور سیکیورٹی انتظامات کو مکمل کیا جا رہا ہے اور امید ہے کہ ہر بار کی طرح اس مرتبہ بھی پاکستان آنے والے سکھ یاتری خوش ہو کر اپنے اپنے ملکوں کو واپس جائیں گے۔