خار: باجوڑ ایجنسی سے تعلق رکھنے والے قبائلی عمائدین اور مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے علاقے میں امن کے قیام کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی پختون حقوق کا نعرہ بلند کرکے علاقے میں امن و عامہ کے بگاڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
خار کی سول کالونی میں سیاسی انتظامیہ کی جانب سے جرگے کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مختلف قبیلوں کے سربراہان اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر باجوڑ ایجنسی کے پولیٹکل ایجنٹ عبدالعامر خٹک اور اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ انوار الحق سمیت مقامی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما عوام کو پختونوں کے حقوق کے نام پر بے وقوف بنا رہے ہیں، اس وجہ سے ہم پی ٹی ایم کی مکمل مخالفت کرتے ہیں اور پی ٹی ایم کے کارکنان کو علاقے میں کسی قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیں گے۔
قبائلی عمائدین اور سیاستدانوں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہم کسی کو بھی ذاتی مفادات کے تحت سیکیورٹی اداروں پر الزامات لگانے کی اجازت نہیں دیں گے، ان کا دعویٰ تھا کہ وہ ایجنسی میں حکومت کی رٹ پر عملدرآمد اور امن کے قیام کے لیے مقامی انتظامیہ کی حمایت جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ ایجنسی سے غیر ضروری چوکیوں کا خاتمہ کیا جائے اور تمام چوکیوں کو لیویز فورس کے حوالے کیا جائے جبکہ اسی تناظر میں خار میں پاکستان تحفط موومنٹ نامی ریلی نکالنے کا بھی اعلان کیا گیا۔
جرگے سے خطاب میں پولیٹکل ایجنٹ عبدالعامر خٹک کا کہنا تھا کہ ایجنسی میں امن کی بحالی مقامی افراد اور سیکیورٹی اہلکاروں کے مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ امن اور حکومتی رٹ کا بحال ہونا نہ صرف ایجنسی کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے ضروری تھا بلکہ یہ ہر رہائش پذیر فرد کا بنیادی حق ہے۔
تاہم انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ عناصر کی جانب سے باجوڑ ایجنسی میں غیر یقینی صورتحال پھیلانے اور امن کو سبوتاژ کرنے کےلیے پختون حقوق کا نعرہ بلند کیا گیا، انہوں نے ہر شخص سے علاقے میں امن مخالف اور ریاست مخالف کارروائیوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ پولیٹکل ایجنٹ عبدالعامر خٹک نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے قبائلی عوام کو بنیادی اور جدید سہولتوں کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا ہے جس کے لیے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
اس ضمن میں انہوں نے بتایا کہ حکومت باجوڑ میں سرحدی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ ایجنسی میں ترقیاتی منصوبوں کے مکمل ہونے سے مقامی افراد کے لیے بنیادی اور جدید سہولتوں کا حصول ممکن ہوگا۔ اس کے ساتھ انہوں نے باجوڑ ایجنسی میں امن کی بحالی کے لیے قبائلی عمائدین اور سیاسی اور مذہبی جماعتوں سربراہان کے کردار کو بھی سراہا، ان کا کہنا تھا کہ آپ کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔