اسلام آباد(ایس ایم حسنین) سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے اپنے والد کے ساتھ اپنی منگنی کے لمحات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئرکردی۔ بختاور کی جانب سے ویڈیو میں اپنے منگنی کے لباس، فوٹو گرافی اور گانے سے متعلق بھی بتایا گیا ہے۔ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں ایک گانا بھی لگا ہوا ہے جسے خاص بختاور بھٹو کے لیے ہی بنایا گیا ہے۔ بختاور بھٹو کی منگنی کی اس خوبصورت ویڈیو کو مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے والد کا ہاتھ تھامے باہر لان کی جانب نکل رہی ہیں، جب کہ ان کے پیچھے آصفہ بھٹو بھی موجود ہیں۔ویڈیو 30 سیکنڈ پر محیط ہے۔ جسے بختاور کے آفیشل انسٹاگرام اکائونٹ سے شیئر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جنوری 1990 میں جنم لینے والی بختاور بھٹوزرداری، بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کے 3 بچوں میں سے دوسرے نمبر پر ہیں۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری ان سے 2 سال بڑے ہیں، جب کہ فروری 1993 میں پیدا ہونے والی آصفہ سب سے چھوٹی ہیں۔ انگلینڈ کی یونیورسٹی آف ایڈنبرگ سے انگلش میں ماسٹرز آنرز کی ڈگری لینے والی بختاور تعلیم کے فروغ کیلئے زیبسٹ یونیورسٹی کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ بختاور کے ہونے والے شوہر سے متعلق پی پی میڈیا سیل نے بتایا کہ محمود چوہدری کے والدین محمد یونس اور والدہ ثریا بیگم کا تعلق پرانے لاہور سے ہے، جو 1973 میں متحدہ عرب امارات منتقل ہوگئے تھے اور پھر وہاں تعمیرات اور ٹرانسپورٹ انڈسٹری میں اپنے کاروبارکی بنیاد رکھی۔