کراچی….لیاری گینگ وار کے سربراہ عزیر بلوچ سے دوران حراست سیاسی شخصیات سے براہ راست رابطے اور ان کے لیے غیر قانونی کام کرنے سے سمیت دیگر سنگین جرائم سے متعلق قائم مقدمات کے بارے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق لیاری گیگ وار کے سربراہ عزیر بلوچ سے رینجرز کے تفتیشی حکام نے سنگین نوعیت کے جرائم سے متعلق تفتیش شروع کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان میں سر فہرست سیاسی شخصیات سے براہ راست روابط اور ان کے لئے غیر قانونی کام کرنا شامل ہیں ، اسکے علاوہ کالعدم بی ایل اے سے فنڈز کی فراہمی سمیت مختلف کالعدم تنظیموں کے کارکنان کو پناہ ، علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ شامل ہے۔ مختلف سنگین نوعیت کےجرائم جن میں قتل، اقدام قتل ،اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور غیر قانونی اسلحے سے متعلق بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔عزیر بلوچ کے خلاف مختلف سنگین جرائم کے 50 سے زائد مقدمات درج ہیں ۔ گزشتہ روز اُسے گرفتاری کے بعد عدالتی حکم پر 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کے حوالے کردیا گیا تھا۔