ننکانہ صاحب(نمائندہ یس اردو)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ ننکانہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو نے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرنے کوٹ محمود پہنچ گئے ۔وہ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو نے کوٹ محمودکے دس افراد کے گھروں میں گئے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ۔انہوں نے جاں بحق افراد کے بلند درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔لیاقت بلوچ حادثے میں زخمی ہو نے والے افراد کے گھروں میں بھی گئے اور زخمیوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔امیر جماعت اسلامی ضلع ننکانہ میاں زاہد ندیم،نائب امیر فخر اقبال احمد شیخ ،امیر حلقہ PP172 ملک محمد اسلم امیر شہر ننکانہ شیخ ثاقب ظفر اور الخدمت فاؤنڈیشن ننکانہ کے صدر شیخ عاطف ظفر سمیت دیگر عہدیدران اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی ان کے ہمراہ تھی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مانانوالہ روڈ پر پیش آنے والا یہ حادثہ انتہائی افسوسناک ہے جس میں ایک درجن سے زائد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں ہیں۔ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے مناسب اقدامات کئے جانے چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کی طرح جماعت اسلامی بھی غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ اس سے قبل لیاقت بلوچ جائے حادثہ پر بھی گئے اور وہاں ہو نے والے نقصانات کا جائزہ لیا ۔