کوئٹہ (جیوڈیسک) اقتصادی راہداری میں مبینہ تبدیلی پر اے این پی کا ایوان سے واک آوٹ، بلوچستان اسمبلی میں گوادر ۔ کاشغر اقتصادی روٹ میں مبینہ تبدیلی کی بازگشت سنائی دی۔ اے این پی نے ایوان سے واک آوٹ کیا۔
قائد حزبِ اختلاف مولانا عبد الواسع نے کہا کہ روٹ میں تبدیلی کے خلاف ہمیں بلوچ بن کر سوچنا ہو گا۔ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پینل آف چئیرمین ڈاکٹر رقیہ ہاشمی کی زیر صدارت میں ہوا، اجلاس میں گوادر۔ کاشغر روٹ پر گذشتہ اجلاس میں پیش کی گئی تحریک التواء پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف مولانا عبد الواسع کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاست اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اس مسئلہ پر مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی۔ اے این پی کے رکن اسمبلی زمرک خان کا کہنا تھا کہ یہ روٹ محض پنجاب کے لئے ہے۔
اس میں بلوچستان کے لئے کچھ نہیں، وفاقی حکومت سابقہ روٹ بحال کرے۔ ق لیگ کے عبد الکریم نوشیروانی نے کہا کہ معاہدے پر دستخط کے وقت وزیراعلیٰ بلوچستان کو بھی موجود ہونا چاہیئے تھا۔ صوبائی اسمبلی کا اجلاس اب جمعہ کو ہو گا۔