کوئٹہ : پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں تین مختلف واقعات میں دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ جمعے کو ایک سیکورٹی اہلکار سمیت چار افراد کی ہلاکت کا واقعہ ضلع قلات کی تحصیل سوراب کے علاقے گدر میں پیش آیا۔
کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق حساس اداروں اور فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے اس علاقے میں خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے ایف سی کا ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ایف سی کی جوابی فائرنگ سے تین مسلح افراد ہلاک ہوئے۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق ایک کالعدم عسکریت پسند تنظیم سے تھا۔ ایک اور سکیورٹی اہلکار کی ہلاکت کا واقعہ ایران سے متصل پنجگور میں پیش آیا۔ پنجگور میں انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے ضلع کے علاقے پروم میں ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
حملے کے نتیجے لیویز فورس کا ایک اہلکار ہوا جبکہ حملہ آور ہلاک ہونے اہلکار کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ ادھر کوئٹہ میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ کوئٹہ پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ تین بھائی ارباب کرم خان روڈ پر ایک گاڑی میں جا رہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائر کھول دیا۔
فائرنگ کے باعث ان میں سے ایک ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا۔ ہلاک ہونے والا شخص سرکاری ملازم بتایا جاتا ہے۔ حملے میں نشانہ بننے والے افراد کا تعلق شیعہ مسلک سے ہے۔ دو روز قبل بھی کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والا ایک میکنک ہلاک ہوا تھا۔