بدھ کے روز بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں ٹیلی ویژن کے مقامی فنکاروں کی بڑی تعداد نے ایک احتجاجی مظاہرے میں شرکت کر کے ملکی
چینلوں پر دکھائے جانے والے غیر ملکی ڈراموں پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے بنگلہ دیشی ٹیلی ویژن چینلوں پر غیر ملکی ڈرامے دکھائے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے ملکی فنکاروں کی مانگ میں کمی واقع ہو گئی ہے۔
ڈھاکہ میں بی بی سی بنگلہ کے نامہ نگار اکبر حسین کے مطابق فنکاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ان چینلوں کے خلاف کارروائی کرے اور بغیر قواعد و ضوابط کے دکھائے جانے والے پروگراموں پر پابندی عائد کی جائے۔
ان دنوں بنگلہ دیش میں ‘سلطان سلیمان’ نامی ایک ڈراما مقبولیت کی بلندیاں چھو رہا ہے، اور جس وقت یہ ڈراما دکھایا جاتا ہے، ناظرین دوسرے چینلوں پر نشر کردہ پروگراموں کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
اس ڈرامے کی مقبولیت کے پیشِ نظر کئی دوسرے چینلوں نے بھی ترکی ڈرامے بنگالی زبان میں ڈب کر کے دکھانے شروع کر دیے ہیں۔
اکبر حسین کہتے ہیں کہ اس کے علاوہ فنکاروں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بنگلہ دیشی چینلوں پر انڈین مواد کی بھی بھرمار ہے جس کی وجہ سے مقامی فنکار متاثر ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں بھی ترکی ڈرامے خاصے مقبول رہے ہیں۔ خاص طور پر ‘میرا سلطان’ کو خاصی پذیرائی ملی تھی۔
اس ڈرامے پر پاکستان میں بھی احتجاج کیا گیا تھا۔