دمبولا: بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے کھلے عام ٹیم سلیکشن میں مداخلت شروع کردی۔
بورڈ کے صدر نظم الحسن نے 10 روز قبل اعلان کیا تھا کہ ان کی ایما پر ٹیسٹ سیریز کے دوران ہی محموداللہ کو اسکواڈ سے باہرکیا گیا ہے اور اب وہ کہتے ہیں کہ ان کی ہدایت پر سری لنکا کے خلاف جاری ون ڈے سیریزکیلیے مہدی حسن کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اسپنر مہدی حسن ٹیسٹ سیریز کے اختتام پر 20 مارچ کو کولمبو سے وطن واپس روانہ ہوگئے تھے، وہ ایک روزہ اصل اسکواڈ میں شامل نہیں تھے تاہم تین دن بعد انھیں ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے واپس کولمبو پہنچنے کا حکم دیا گیا، مہدی حسن نے سری لنکا کے خلاف ہفتے کو کھیلے گئے پہلے میچ میں ایک روزہ ڈیبیو کیا۔ بی سی بی کے صدر نظم الحسن کہتے ہیں کہ میں نے سلیکٹر منہاج العابدین کو مہدی حسن کے پاس بھیجا تاکہ وہ انھیں سری لنکا واپس روانہ ہوسکیں۔ مہدی حسن نے پہلے میچ میں 43 رنز کے عوض 2 وکٹیں لی تھیں۔