ڈھاکا: بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شاہد آفریدی نے کھلنا ٹائٹینز کو اسپن بولنگ کے جال میں پھنسا لیا، ان کی تباہ کن بولنگ نے یکطرفہ مقابلے میں رنگپور رائیڈرز کو 9 وکٹ سے فتح دلادی، ٹائٹینز کی پوری ٹیم 10.4 اوورز میں ایونٹ کے کمترین اسکور 44پر ڈھیر ہوئی، ڈبل فیگر میں پہنچنے والے واحد بیٹسمین شواگتا ہوم نے 12 رنز بنائے، آفریدی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عرفات سنی نے 3 وکٹیں لیں۔ رائیڈرز نے ایک وکٹ گنوا کر 8 اوورز میں آسان ہدف حاصل کرلیا، واحد وکٹ جنید خان کے نام رہی۔
تفصیلات کے مطابق بی پی ایل کے پانچویں میچ میں کھلنا ٹائٹینزکی آدھی ٹیم 15 رنز تک پویلین واپس لوٹ چکی تھی، شواگتا ہوم نے 12 رنز بناکر کچھ ہمت دکھائی، ان کے بعد نورالعالم نے سب سے زیادہ 8 رنز بنائے، پوری ٹیم 64 بالز پر 44 رنز پر آؤٹ ہوئی، یہ بی پی ایل کا کمترین مجموعہ ہے، اس سے قبل بریسال بلز 58 رنزپر آؤٹ ہوئی تھی۔
ایک مکمل اننگز میں سب سے کم گیندوں کا سامنا کرنے کے معاملے میں ٹائٹینز دنیا کی پانچویں ٹیم بن گئی، اس حوالے سے بنگلہ دیش کی ہی ایک مقامی ٹیم محمڈن 52 بالز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ ایسیکس اور نیدرلینڈز 63، 63 گیندوں پر آؤٹ ہوچکے ہیں۔ یہ ٹوئنٹی کرکٹ میں چھٹا کم ترین ٹوٹل ہے، سب سے کم 30 رنز پر بھارتی ڈومیسٹک ٹیم تریپورہ آؤٹ ہوئی تھی، نیدرلینڈز سری لنکا کے خلاف 39 رنز پر آؤٹ ہوچکا۔
ٹائٹینزکے خلاف شاہد آفریدی نے تین اوورز میں 12 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں جبکہ ایکشن تبدیل کرنے کے بعد کھیل میںلوٹنے والے عرفات سنی نے 2.4 اوورز میں ایک بھی رن دیے بغیر تین کھلاڑیوں کوچلتا کیا۔ جواب میں رنگپور رائیڈرز نے8 اوورز میں ایک وکٹ گنواکر ہدف حاصل کرلیا، واحد وکٹ جنید خان نے محمد شہزاد کا ریٹرن کیچ تھام کر حاصل کی۔پانچویںمرتبہ ایک اننگزمیں چار وکٹیںلینے والے شاہد آفریدی کومین آف دی میچ قرار دیا گیا۔