پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو بنگلہ دیش پریمئیر لیگ کی اے کٹیگری میں شامل کر لیا گیا ہے۔ بی پی ایل کی ڈرافٹنگ 30 ستمبر کو ڈھاکا میں ہو گی ۔
اس برس بھی بی پی ایل کے ایڈیشن میں کئی پاکستانی اسٹار کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے، کپتان مصباح الحق بی پی ایل کی اے کٹیگری میں شامل ہیں جبکہ محمد حفیظ اوراحمد شہزاد کا نام بھی اسی فہرست میں ہے ۔
دفاعی چمپئن کومیلا نے آل رائونڈر عماد وسیم کے ساتھ معاہدہ کیا ہے ،عماد وسیم پہلی مرتبہ بنگلہ دیش پریمئیر لیگ کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ سہیل تنویر اور اشعر زیدی بھی کومیلا کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے جبکہ شاہد آفریدی ، شرجیل خان اور بابر اعظم رنگپور کی جانب سے کھیلیں گے ۔