ڈھاکا……بنگلہ دیش نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے ہراکرایشیا کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے،فاتح ٹیم نے 130 رنز کا ہدف 20ویں اوور کی پہلی بال پر چوکا مار کر حاصل کرلیا ،میچ میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان ایونٹ سے باہر ہوگیا ۔
اس سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم نےمیرپور کے شیربنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میںکھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 130رنز کے ہدف کا جب تعاقب شروع کیا تو اسکی پہلی وکٹ 13پر گرگئی ، تاہم سومیا سرکار نے اس موقع پر شاندار بیٹنگ کرکے اپنی ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی انھوں نے 48رنز بنائے۔پاکستان کی بیٹنگ کی طرح آج کے میچ میں پاکستانی بولروں نے بھی اچھی بولنگ نہ کی، جبکہ فیلڈروں نے روایتی انداز میں کیچز بھی ڈراپ کیے اور غیر معیاری فیلڈنگ کی،جس کا بنگلہ دیشی بیٹسمینوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور میچ پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے2، جبکہ عرفان ،شاہد آفریدی اور شعیب ملک نے 1،1 وکٹ حاصل کی،میچ کے آخری لمحات میں مشرفی مرتضی12 اور محموداللہ22 نے ناقابل شکست رہتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔گرین شرٹ کو ایونٹ سے باہر ہوجانے کے باوجوداسے آخری لیگ میچ سری لنکا کیخلاف 4مارچ کو کھیلنا ہے