ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے قومی کرکٹر صابررحمان نے اپنی ہی ٹیم کے ساتھی کھلاڑی مہدی حسن کو جھگڑا ہونے پر تھپڑ جڑ دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صابر رحمان اور مہدی حسن کے درمیان کسی بات پر بحث شروع ہوئی جس نے تلخ کلامی کی صورت اختیارکی اور پھر بات جھگڑے تک پہنچ گئی جس دوران صابر آپے سے باہر ہو گئے اور مہدی حسن کو تھپڑ رسید کر دیا تاہم ساتھی کھلاڑیوں نے مداخلت کرتے ہوئے بیچ بچاﺅ کرایا۔ رپورٹ کے مطابق اس وجہ سے ہی صابر رحمان کو افغانستان کیخلاف آخری ٹی 20 میچ میں شامل نہیں کیاگیا تھا اور اس میچ میں فتح کیساتھ افغانستان نے بنگلہ دیش کو تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا۔ ٹیم منیجر خالد محمود نے اس واقعے کو رپورٹ میں شامل نہیں کیا تاہم بی سی بی حکام کو اس کی خبر مل چکی ہے جو صابر کیخلاف کارروائی کا حکم دے سکتے ہیں۔ واضح رے کہ صابر رحمان رواں برس کے آغاز میں ایک مقامی میچ کے دوران تماشائی کو تھپڑ مارنے کے جرم میں ڈومیسٹک پابندی کی سزا بھی بھگت رہے ہیں۔