لاہور : بینک ٹرانزیکشنز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ملک بھر کی تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئی۔
کراچی میں تاجر اتحاد نے ایک اجلاس کے دوران منگل کے روز ہڑتال کا فیصلہ موخر کر دیا تاہم احتجاج کیا جائے گا۔ پریس کلب کے باہر مظاہرہ بھی ہو گا۔ تاجروں نے دھمکی کی دی کہ اگر وفاقی حکومت نے فیصلہ واپس نہ لیا تو بینکوں سے سارا پیسہ نکال لیں گے۔
لاہور کے تاجر ٹیکس کے خلاف آج ہڑتال کریں گے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ نیا ٹیکس جبر ہے، عوام کے ساتھ ساتھ بینکاری کے شعبے کو بھی نقصان پہنچے گا۔ ادھر فیصل آباد میں بھی شٹر ڈاؤن کی کال دے دی گئی ہے۔ مختلف تنظیموں نے ریلیوں کا اعلان بھی کیا ہے۔
گوجرانولہ میں بھی تمام مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سرگودھا کے تاجروں نے بھی شٹر ڈاؤن کی حمایت کرتے ہوئے آٹھ جولائی کو کاروبار بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری جانب ملتان میں تاجروں نے ریجنل ٹیکس آفس کے سامنے مظاہرہ کیا۔ شرکا کا کہنا تھا کہ نئے ٹیکس کا نفاذ ظلم ہے کسی بھی طور پر قبول نہیں کیا جائے گا۔