کھاریاں(نیئر صدیقی سے) کھاریاں بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید خورشید انور رضوی نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ اس موقع پر ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق، ضلع گجرات کے ججز، بار صدور اور معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق کھاریاں بار ایسوسی ایشن کی سالانہ تقریب حلف برداری بار روم میں منعقد ہوئی تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گجرات سید خورشید انور رضوی اور مہمان اعزاز ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق، ڈی ایس پی کھاریاں ملک منظور احمد اعوان سمیت گجرات ، کھاریاں اور سرائے عالمگیر کے تمام ججز صاحبان سمیت گجرات بار کے صدرچوہدری عمران اشرف ڈھلو، جنرل سیکرٹری چوہدری عمران طالب، مرزا مشیت الرحمن صدر سرائے عالمگیر بار کے علاوہ کھاریاں کے ایڈیشنل سیشن جج زبیر شہزاد کیانی ، سیف اللہ ہنجرا، رانا اشفاق، محمد علی ، سرائے عالمگیر سے ایڈیشنل سیشن جج علی ذوالقرنین اور سول ججز نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گجرات سید خورشید انور رضوی نے کھاریاں بار کے نومنتخب صدر چوہدری خالد حسین ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری محبوب علی، نائب صدر چوہدری زبیر انور، فنانس سیکرٹری ساجد علی شاہ، جوائنٹ سیکرٹری ظفر اقبال قریشی، لائبریری سیکرٹری مرزا عثمان، آڈیٹر مدثر حسین شاہ اور مجلس عاملہ کے ممبران سے حلف لیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید انور رضوی نے کہا کہ عدلیہ مظلوموں کی دادرسی اور انصاف کے بول بالا کیلئے کام کر رہی ہے۔ ضلع گجرات میں تعیناتی ایک خواب تھا جو کہ نہ صرف پورا ہوا بلکہ پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کا بھی باعث بنا۔ ضلع گجرات میں لوگوں کی خدمت نصب العین ہے جس کے لئے زبانی دعووں نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتا ہوں ۔اس مقصد کے حصول کیلئے گجرات جوڈیشل اکیڈمی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء اور شہریوں کی سہولت کیلئے ڈسٹرکٹ کورٹ گجرات میں آن لائن ایف آئی آر اور ایم ایل آر کی سہولت دستیاب کر رہے ہیں جس کیلئے ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق اور ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے تعاون پر ان کا مشکور ہوں کیونکہ عوام اور مظلوم لوگوں کی داد رسی کیلئے پولیس اور ایم ایل آر بنانے والے ڈاکٹروں کا تعاون ضروری ہوتا ہے۔ اگر گجرات میں ایف آئی آر اور ایم ایل آر کے کاؤنٹر کا تجربہ کامیاب ہو گیا تو اس کے بعد کھاریاں اور سرائے عالمگیر کچہری میں بھی یہ کاؤنٹر قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انصاف کرتے وقت حقائق اور قانون کی بالا دستی کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ مظلوم لوگوں کی دادرسی ، وکلاء کی معاونت سے بہتر ہو سکتی ہے۔ صدر کھاریاں بار چوہدری خالد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھاریاں کے وکلاء نے بار اور بنچ میں فاصلے کم کرنے اور اعتماد کی فضا قائم رکھنے میں شاندار کردار ادا کیا ہے۔ اپنی صدارت کے دوران وہ بھی اس مشن کو ساتھ لے کر مظلوموں کو انصاف دلانے کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر کھاریاں بار کی طرف سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سید خورشید انور رضوی اور گجرات سرائے عالمگیر کھاریاں کے تمام جج صاحبان کے علاوہ ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق، صدر گجرات بار عمران اشرف ڈھلو، صدر سرائے عالمگیر بار مرزا مشیت الرحمن ، صدر پریس کلب کھاریاں حاجی عبدالرؤف اور ایس ایچ او صدر کھاریاں شہباز ہنجراکو قرآن پاک کے تحائف دئیے گئے۔