ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔ قومی کھلاڑیوں نے جمعے کو خوب پریکٹس کی۔
گرین شرٹس نے مختصر فارمیٹ کی عالمی چیمپئن ٹیم سے نمٹنے کیلئے خوب پسینہ بہایا، کوچز کا زور فیلڈنگ اور بیٹنگ پر زیادہ رہا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین اب تک ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز میں جیت کے حوالے سے پاکستان کی ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین 2011سے لے کر 2016تک دنیا کی مختلف گراؤنڈز میں سات ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان کی ٹیم نے پانچ اور ویسٹ انڈیزنے دو جیتے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں اب تک پاکستان کے تین کپتانوں سرفراز احمد ،شاہد آفریدی اور محمدحفیظ نے کپتانی کی جس میں سے سرفراز احمد سب سے کامیاب کپتان رہے ۔ ان کی کپتانی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے جس میں تینوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ۔ قومی کرکٹ ٹیم دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران چار ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی ۔ اس سیریز کو پاکستان کی ورلڈ کپ تک رسائی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ کپتان سرفرازاحمد کہتے ہیں کہ یہ دورہ ہمارے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے جہاں کامیابی کی صورت میں کوالیفائر کھیلے بغیر ورلڈ کپ میں جانے کی ہماری توقعات مزید مضبوط ہوں گی۔