دبئی : دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے رفعت اللہ اور وکٹ کیپر سرفراز احمد نے اننگز کا آغاز کیا۔ رفعت اللہ مہمند نے چوکا مار کر انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے سکور کا آغاز کیا تاہم اس کے بعد ایک غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں وہ آؤٹ ہونے سے بال بال بچے۔
گیند اونچا ہونے کی وجہ سے وکٹ کیپر کے ہاتھ میں نہیں آ سکا۔ دوسرے اوور میں پاکستان کو پہلا نقصان سرفراز احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا جو لیگ سائیڈ پر اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سرفراز احمد صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ اس کے بعد محمد حفیظ بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔ چوتھے اوور میں اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے باؤنڈری کے قریب کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کو تیسرا نقصان رفعت اللہ کی وکٹ سے اٹھانا پڑا جو 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ نوجوان کھلاڑی محمد رضوان نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی وکٹ گنوائی۔ رضوان گیند کو پرکھنے میں بری طرح ناکام رہے اور بولڈ ہو کر پویلین لوٹے۔ شائقین کرکٹ کو اس وقت شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب عمر اکمل رن لینے کی کوشش میں بھاگے لیکن ان کے ساتھی کھلاڑی صہیب مقصود ان کا ساتھ نہ دے سکے اور آدھی وکٹ سے واپس بھاگ کر عمر اکمل کے ساتھ ہی دوڑ لگا دی۔
دونوں کھلاڑیوں نے کریز پر پہنچنے کی بھرپور کوشش کی لیکن اس میں کامیابی صہیب مقصود کو ملی اور عمر اکمل آؤٹ قرار پائے۔ کپتان بوم بوم آفریدی آئے تو چلتے بنے۔ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد باری صہیب مقصود کی تھی جو آگے بڑھ کر کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہو گئے۔ انور علی نے ایک اوور میں دو چھکے مار کر میچ کو دلچسپ بنا دیا۔
ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ وہ اکیلے ہی میچ کو آگے لے جائیں گے تاہم جلدی جلدی کھیلنے کی کوشش میں وہ بھی برطانوی بولر کا شکار بن گئے۔ انور علی نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ نویں آؤٹ ہونے والی کھلاڑی وہاب ریاض تھے جنہوں نے 21 رنز بنائے اور کیچ آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عمران خان تھے جو بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوئے۔
یوں پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 146 رنز ہی بنا سکی۔ انگلینڈ کی جانب سے ایل ای پلنکٹ نے 3، ایس ڈی پیری اور ٹوپلی نے دو، دو جبکہ معین علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔