اسلام آباد : وزارت داخلہ کی سفارش پر وزارت خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں برطانوی حکومت سے بی بی سی کی رپورٹ میں ایم کیو ایم پر لگائے گئے الزامات کے شواہد طلب کئے گئے ہیں۔ لندن میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے کی جانے والی تفتیش کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔
رپورٹ میں ہونیوالے انکشافات پر ہر پاکستانی کو تشویش ہے لہذا حقائق تک رسائی دی جائے پاکستان کو تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے بھی باخبر رکھا جائے۔ حقائق تک رسائی کیلئے برطانیہ کو خط لکھنے کا اعلان جمعرات کے روز وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات کے بعد کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ پر لگنے والے الزامات کی تہہ تک پہنچیں گے۔ دو روز قبل نشر ہونیوالی بی بی سی کی رپورٹ میں ایم کیو ایم پر بھارت سے فنڈز لینے سمیت دیگر سنگین الزامات عائد کئے گئے تھے۔