سرفراز احمد کے بیٹنگ آرڈر بارے تنقیدی سوالات ، شعیب ملک نے بھی اپنے بیٹنگ آرڈر کے بارے میں شکایت کی
کراچی (یس اُردو) نیوزی لینڈ کیخلاف قومی کرکٹ ٹیم کی بد ترین شکست کے بعد ٹیم میٹنگ میں ہونے والی گرما گرم بحث سامنے آگئی جس میں آفریدی اور شعیب ملک نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کی ۔ ورلڈ ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کیخلاف خراب پرفارمنس قومی کرکٹرز کو آمنے سامنے لے آئی ۔ ٹیم میٹنگ میں ہونے والی گرما گرم بحث میں ایک طرف شاہد آفریدی تو دوسری جانب شعیب ملک کی توپوں سے الزامات کی بوچھاڑ ہوئی ۔ کپتان بوم بوم سے سرفراز احمد کو اوپر نہ کھلائے جانے کا چبھتا ہوا سوال کیا گیا ۔ شعیب ملک اپنی کارکردگی چھپانے کے لئے بیٹنگ آرڈر کے راگ الاپنے لگے ۔ شعیب ملک نے ٹیم میٹنگ میں ڈبل پالیسی اپنائی ، کیویز کیخلاف میچ میں انہوں نے آفریدی سے نیچے کے نمبر پر کھلانے کو کہا لیکن ٹیم میٹنگ میں ملک کا کہنا تھا کہ اوپر کھلایا جاتا تو نتائج اچھے آتے ۔ وقار یونس نے کہا کہ میں ، انتخاب عالم اور شاہد آفریدی تو گھر چلے جائیں گے لیکن عمر اکمل اور احمد شہزاد کی خود غرضی ٹیم کو تباہ کردے گی ۔ میٹنگ میں کپتان شاہد آفریدی نے بلے باز خالد لطیف کی پر فارمنس کو بھی سراہا ۔