جو لوگ ٹشو پیپر کا ڈبہ بھی نہیں ہلا سکتے انہیں لاکھوں روپے کا پیکج دیا جاتا ہے :ملازمین کی مستقلی اور سنیارٹی کیس کی سماعت میں ریمارکس
اسلام آباد (یس اُردو) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن میں خوبصورتی کی بنیاد پر بھی ترقیاں دی جاتی ہیں ، پسند نہ پسند کی بنیاد پر ملازمین کو مراعات دینے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ پاکستان ٹیلی ویژن کے ملازمین کی مستقلی اور سنیارٹی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی ، سیکرٹری انفارمیشن اور قائم مقام ایم ڈی پی ٹی وی عمران گردیزی عدالت میں پیش ہوئے ۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی وی میں چہرہ خوبصورت ہونے کی بنیاد پر بھی ترقیاں دی جاتی ہیں ، جو لوگ ٹشو پیپر کا ڈبہ بھی نہیں ہلا سکتے انہیں لاکھوں روپے کا پیکج دیا جا رہا ہے ۔ پسند نہ پسند کی بنیاد پرملازمین کو مراعات دینے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ ملازمین کی مستقلی اور سنیارٹی کے عمل میں امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے ۔ سیکرٹری اطلاعات عمران گردیزی نے استدعا کی کہ عملدرآمد کیلئے مہلت دی جائے جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت پانچ مئی تک ملتوی کر دی ۔