پیرس : پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے کو آرڈی نیٹر کامران یوسف گھمن نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی ہونہار صاحبزادی سابق وزیر اعظم محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کی مشرف دور میں اپنی جلاوطنی ختم کر کے وطن واپسی پر کراچی میں استقبالیہ جلوس کے دوران ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ سانحہ کارساز کی یاد میں پی پی پی یورپ فرانس میں دعائیہ پروگرام مورخہ 18 اکتوبر 2015ء بروز اتوار 6 بجے منعقد کرے گی۔
یہ پروگرام پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے سیکرٹریٹ ویلیئرزلابیل میں منعقد ہوگا۔ یاد رہے کہ 18 اکتوبر 2007ءکی رات خود کش دھماکوں میں پی پی پی کے 150 سے زائد کارکن جاں بحق اور سینکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔
کامران یوسف گھمن نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید عسکریت پسندی، شدت پسندی اور ہٹ دھرمی کے خلاف جہدوجہد کی علامت تھیں سانحہ کار ساز ہمیں ملک میں جمہوریت پسندوں اور مذہبی انتہا پسندی کے درمیان جنگ کی یاد دلاتا ہے۔
کامران گھمن نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام عہدیداران و کارکنان سمیت صحافیوں کو شرکت کی خصوصی دعوت دی جاتی ہے۔