لاہور: موکلان کوانسداد دہشتگردی عدالت نے 17، 17 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی، سابق پولیس افسران بے گناہ ہیں، سزاکالعدم قراردے دی جائے: وکیل غنیم ابیر ایڈووکیٹ
لاہورہائیکورٹ راولپنڈی نے بینظیرقتل کیس میں سزا پانے والے دوسابق پولیس افسران کی اپیلیں سماعت کیلئے منظور کرلیں، انسداد دہشتگردی عدالت سے مقدمے کا ریکارڈ طلب جبکہ فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس طارق عباسی اور جسٹس حبیب اللہ عامر پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سابق پولیس افسران کی اپیلوں پرابتدائی سماعت کی۔ سعود عزیز اور خرم شہزاد کی جانب سے وکیل غنیم ابیرایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیارکیا کہ ان کے موکلان کوانسداد دہشتگردی عدالت نے 17، 17 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی، سابق پولیس افسران بے گناہ ہیں، سزاکالعدم قراردے دی جائے، عدالت عالیہ نے دونوں اپیلیں باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کر لیں، ریاست اور مدعی مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سٹی کاشف ریاض کو نوٹسز جاری کر دیئے، جبکہ انسداد دہشتگردی عدالت سے مقدمے کا ریکارڈ بھی طلب کر لیے۔