راولپنڈی: حکومت نے بھی سرکاری طورپرسابق وزیراعظم بینظیر بھٹو قتل کیس کو لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پولیس افسران کی سزاؤں میں اضافہ،بری کیے گئے پانچوں ملزمان کو سزائے موت دلانے اور سابق صدر جنرل پرویز مشرف کیخلاف مقدمہ ری اوپن کرکے اس کی سماعت شروع کرنے کی استدعا کی جائے گی۔
ایف آئی اے نے پراسیکیوٹرزکو فیصلہ کیخلاف اپیل دائرکرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔یہ اپیل آج پیر سے شروع ہونے والے ہفتہ کے دوران بدھ یا جمعرات کو دائرکی جائے گی۔اس فیصلہ کی تصدیق کرتے ہوئے پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز نے بتایا کہ اس بابت اپیل تیار کر لی گئی ہے۔ ضروری دستاویزات بھی حاصل کر لی گئی ہیں جبکہ دوسری طرف پیپلز پارٹی نے بھی دونوں پولیس افسران سابق سی پی او سعود عزیز،ایس پی خرم شہزادکی ضمانت کی درخواستوں میں بھی فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے، پیپلز پارٹی کی طرف سے لطیف کھوسہ27ستمبرکو ان درخواستوں میں ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں پیش ہوںگے۔