جرمنی (انجم بلوچستانی) برلن بیورو اورمرکزی آفس برلن MCB یورپ کے مطابق ٢٨ مئی ٢٠١٦ ئ،بروز ہفتہ برلن میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ،سینئر نائب صدر PAT جرمنی خضر حیات تارڑ کے زیر نگرانی ،منہاج یوتھ لیگ برلن کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں پاکستانیوں کے ہر طبقہ فکر کے افراد کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔پروگرام کی نقابت کے فرائض محمد شعیب افضل نے ادا کئے۔تقریب کا باقاعدہ آغاز ضیاء المصطفی کی تلاوت قرآ ن پاک سے ہوا۔اس کے بعدیوتھ کے ساتھیوںمحمد علی،شعیب ارشاد،شاہ زیب احمد اور وجاہت علی تارڑ نے بشمول حاضرین محفل قومی ترانہ پیش کیا۔ بعد ازاںمحمد شعیب نے پاکستان عوامی تحریک کا تعارف کراتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ٢٥ مئی کو اس انقلابی سفر کا آغاز مدینہ منورہ میں گنبد خضریٰ کے سائے تلے ہوا تھا۔اس تحریک کا مقصد ہر طبقہ ء فکر کو اس کے حقوق و فرائض سے آگاہ کرنا تھا ،تا کہ ایک مثالی معاشرہ تشکیل پا سکے۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے جنرل سکریٹری، سینئر ساتھی محمد ارشاد نے اپنا موقف بیان کرتے ہوئے کہاکہ” دین اور سیاست الگ الگ نہیں بلکہ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔”اسکے بعد انہوں نے اپنے مخصوص اندازمیں ایک ملی نغمہ پیش کر کے حاضرین محفل کو محظوظ کیا۔ منہاج یوتھ لیگ کے وجاہت علی تارڑ نے ڈاکٹر طاہر القادری صاحب کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ” یہ ڈاکٹر صاحب کا دیا ہوا شعور ہی تھا کہ ان کے کارکنان نے ملک و قوم کی خاطراپنے سینے پیش کئے اور شہادتیں دے کرایک تاریخ رقم کردی۔انہوں نے اپنے صبرو تحمل،عزم و ہمت ،بے لوث استقامت اور جرات سے پورے ملک میں حق و انصاف کیلئے آواز اٹھانے اور ظلم کے سامنے ثابت قدم رہ کر عوام کو اپناحق طلب کرنے کا حوصلہ دیا ہے۔آخرکارڈاکٹر صاحب کی کاوشیں ہی حقیقی تبدیلی کا باعث بنیں گی۔”تمام حاضرین محفل کو ڈاکٹر صاحب کا پیغام انہی کی زبانی سی ڈی کی صورت میں سنایا گیا، جس میں مختلف موضوعات اور مواقع کی مناسبت سے Clips تھے۔
پاکستان عوامی تحریک جرمنی کے سینئررہنما خضر حیات تارڑ نےPATکی جانب سے بلوچستان میں حالیہ ڈرون حملہ کی شدید مذمت کی اور اسے پاکستان کی سا لمیت پر حملہ قرار دیا۔انہوں نے سانحہء ماڈل ٹائون کے حوالے سے جسٹس باقرنجوی کی غیر شائع شدہ رپورٹ کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے اس سانحہ کے ذمہ داران کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے حالیہ و سابقہ ادوارمیںحکومتی کارکردگی بیان کرتے ہوئے ملک و قوم کی نا گفتہ بہ حالت کے ذمہ داران کو بے نقاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ”پاکستان عوامی تحریک اوراسکے قائد آنے والی نسلوں کے مفادات اور ملک کے استحکام کے لئے فیصلے کرتے ہیں۔اگر الیکشن سے قبل چیئرمین PATڈاکٹر طاہر القادری کی تجاویز پر عملدرآمد کر لیاجاتاتو آج٥٠ فیصدسے زائد ڈیفالٹر ا س اسمبلی میں نظر نہ آتے اور پاکستان مزید لٹنے اور بکنے سے بچ جاتا۔”انہوں نے اپنے یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ” پاکستان عوامی تحریک اپنے قائد کی قیادت میں امید اور تبدیلی کی علامت بن چکی ہے ،لہٰذا تبدیلی،انقلاب اور خوشحال پاکستان کیلئے جدوجہد کا قافلہ منزل انقلاب کی جانب اسی جوش وجذبے سے گامزن رہے گا۔”
جامعہ مسجد منہاج القرآن برلن کے امام و خطیب حافظ طارق علی نے قائد انقلاب ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی اور کہا کہ” اللہ تعالی ملک پاکستان کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔” آخر میںMQI برلن کے سینئر رہنماشیخ صلاح الدین کا لایا ہوا کیک کاٹا گیا . اس تقریب میںپاکستان پیپلز پارٹی جرمنی اور برلن کے سر کردہ رہنما سید مجاہد حسین شاہ،رشید احمد، منظور اعوان،میاں مبین،سہیل انور خان، طارق محمود وڑائچ،ظہور احمد،غلام حسین؛جرمن پاکستان فورم کے ریجنل سربراہ وزیر حسین ملک؛صدرفری کشمیرآرگنائزیشن صدیق کیانی؛ منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے صدر میاعمران الحق،خازن محمد رفیق،سابقہ صدرMQIجرمنی،رکن محمد عارف اور برلن کی سرکردہ شخصیت، چوہدری منور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔پروگرام کی کوریج کے لئے ظہور احمد، نگران پاکبان انٹرنیشنل اور معروف صحافی فیاض احمد موجود تھے۔محفل سماع کے اختتام پر حاضرین کی تواضع گرما گرم پکوڑوں، دہی بھلوں ،اسنیکس اور چائے سے کی گئی۔