جرمنی (شکیل چغتائی) برلن بیورو اور پاکستان پوسٹ کے مطابق گزشتہ دنوں برلن ،جرمنی میں فوڈ، ایگریکلچر و ہورٹیکلچر کے دنیا کے سب سے بڑے اور مشہو زراعتی میلہ International Green Week (IGW) 2016 کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں ٧٠ سے زیادہ ممالک کے وزراء برائے زراعت، غیر ملکی سفیروں، اعلی حکام، زرعی شعبے کے ماہرین، فوڈ اینڈ ایگریکلچر انڈسٹری کے مالکین، ڈسٹری بیوٹرز، نمائندگان اور نمائش کنند گان کے علاوہ جرمنی میںان انڈسٹریز سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔
ریڈیو، ٹیلی ویژن ا ورپریس کی موثر نمائندگی موجود تھی۔یہ میلہ ١٥ جنوری کو شروع ہوا اور ٢٥ جنوری ٢٠١٦ء تک جاری رہے گا۔ اس سالIGWکے پہلے غیریورپی پارٹنر ملک سلطنت مراکو نے ا فتتاحی تقریب کی میزبانی کے فرائض بخوبی سر انجام دئے اور اپنے ملک کی ثقافت، تہذیب ،رسوم و رواج ،مصنوعات اور روایتی و ماڈرن طرز زندگی کو انتہائی احسن طریقہ سے اجاگر کیا۔
مراکو کے وزیر برائے مچھلی بانی و زراعت Aziz Akhnnouch اور دیگر اعلی حکام کے علاوہ مراکو کی شاہزادی H.R.H.Lalla Meryem بنفس نفیس میلہ میں شامل رہیں اور افتتاحی مقررہ کی حیثیت سے تقریب سے خطاب کیا۔ دیگر افتتاحی مقررین؛ Messe Berlin GmbH کے چیف ایگزیکٹئو آفیسر Dr. Christian Göke اور برلن کے گورننگ مئیر Michael Müllerتھے۔ انکے علاوہ صدر جرمن فارمرز ایسوسی ایشن Joachim Rukwied ،چیرمین فیڈریشن آف فوڈ اینڈ ڈرنک انڈسٹریز، جرمنی Wolfgang Ingold اور مراکو کے وزیر برائے مچھلی بانی و زراعت Aziz Akhnnouch نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقعہ پرجرمنی کے وفاقی وزیر برائے معاشی ترقی و تعاونDr. Gerd Müller اورH.E.Andrä Rupprechter وفاقی وزیر برائے لیبر،سماجی امور اور تحفظ استعمال کنندگان بھی موجود تھے۔ ١٤ جنوری ٢٠١٦ء کو شام ٦ ٍبجے کانگریس سینٹر کے بجائے پہلی مرتبہ City Cube کے ہال میں Christian Schmidt وزیر برائے غذ ا و زراعت نے International Green Week (IGW) 2016 کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں سلطنت مراکو کے ٤٠ سے زیادہ فنکاروں پر مشتمل ثقافتی طائفہ نے رقص و نغمہ، موسیقی، گلوگاری اور ٹیبلو کے ذریعہ مراکو کے مختلف علاقوں کی تہذیب و ثقافت، روایتی اور ماڈرن طرز زندگی اور تاریخ کو بڑے خوبصورت انداز میں اسٹیج پر پیش کیا اور بے پناہ داد وصول کی۔ جس کے بعد مراکو کے اسٹار شیف محمد راحال نے تقریباً ٣٥٠٠ مہمانوں کے لئے بینکوئٹ اسٹائل میں مراکو کی مشہور روایتی ڈشز، سلاد اور مٹھائی کو ایک منفرد رنگا رنگ انداز میں سجا کر استقبالیہ کا اہتمام کیا، جس میں شرکائے تقریب نے بھر پور شرکت کر کے لذت کام و دہن حاصل کی۔