کوئٹہ(یس نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ چند ٹکوں کی خاطر بھارت کی غلامی کرنے والوں کو بلوچستان کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل نہیں ہے ، براہمداغ بتائے کس حیثیت سے بلوچستان کی بات کرتا ہے؟
کوئٹہ کے بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں آل پاکستان بلوچستان ٹی ٹوئنٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وطن سے غداری کرنے والے ہم میں سے نہیں ، ڈیرہ بگٹی کے عوام نےبراہمداغ کی منفی ذہنیت مسترد کردی۔نواب ثنا ء اللہ زہری نے کہا کہ بھارت کے خلاف پورے بلوچستان میں لوگ باہر نکلےجو براہمداغ کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔انہوں نےبھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خبردارکیاکہ اگر انہوں نے جارحیت کی کوشش کی تو دندان شکن جواب دیں گے۔