پاکستان اور نیوزی لینڈ کا پہلے ٹی ٹوینٹی میں کل آکلینڈ میں ٹاکرا ہو گا۔ فاسٹ بولر محمد عامر کی پانچ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہو گی۔
آکلینڈ: (یس اُردو) شاہینوں اور کیویز کے درمیان پہلے ٹی ٹوینٹی کا وینیو آکلینڈ کا ایڈن پارک ہے۔ قومی ٹیم شاہد آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ میزبان ٹیم کے کپتان کین ولیم سن ہونگے۔ نیوزی لینڈ نے گزشتہ ہفتے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز دو صفر سے اپنے نام کی۔ دوسری جانب بوم بوم الیون انگلینڈ کے ہاتھوں تین صفر سے وائٹ واش ہونے کے بعد کیویز کے دیس پہنچی ہے۔ پانچ سال کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے فاسٹ بولر محمد عامر پہلے ٹی ٹوینٹی میں توجہ کا مرکز ہونگے۔ آئی سی سی کی ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں پاکستان چھٹی اور نیوزی لینڈ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔ میچ پاکستان کے وقت کے مطابق دن گیارہ بجے شروع ہو گا۔