بھٹ شاہ (یس ڈیسک) ہالا کے قریب عزاداروں کی بس الٹ گئی، 3 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھٹ شاہ کے قریبی گاؤں وصی مراد شاہ سے قاضی احمد مجلس میں شرکت کے لیے جانے والے عزاداروں کی تیز رفتار بس ہالا قومی شاہراہ پر جانو واٹر اسٹاپ کے قریب ٹائی راڈ کھل جانے کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں 3 بچے روزینہ، میسم، ثمینہ اور میر حسن جاں بحق ہو گئے۔
جبکہ دلشاد، شہازیب، منیب اور بس ڈرائیور سمیت25 افراد زخمی ہوئے جنھیں تعلقہ اسپتال لے جایا گیا۔ مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی اسپتال پہنچ گئی۔ افراتفری کے باعث ڈاکٹر وہاں سے غائب ہو گئے۔
مخدوم غلام محی الدین کے صاحبزادے مخدوم عمار کے کہنے پر ڈاکٹرز اور عملہ واپس پہنچا اور زخمیوں کو طبی امداد دی۔
ایک زخمی خاتون اور بچی کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد روانہ کر دیا گیا۔ حادثہ کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔