counter easy hit

بھٹو خاندان نے جمہوریت کیلئے سب سے زیادہ قربانیاں دیں :خورشید شاہ

Bhutto family most

Bhutto family most

ملک میں امن آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کوششوں کے باعث ممکن ہوا ہے :اپوزیشن لیڈر کا عوامی اجتماع سے خطاب
ہنگورو (یس اُردو) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کا سہرا ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے سر جاتا ہے ، بھٹو خاندان نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں ۔ پنوعاقل سے متصل دیہی علاقے ہنگورو میں اوورہیڈ برج کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں شرکت کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ملک میں امن و امان چیف آف آرمی سٹاف جنر ل راحیل شریف کی کوششوں کے سبب ہوا ہے ۔ فوج نے دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن بھی کیا ہے اور دہشت گردی میں ملوث افراد کی بیخ کنی بھی کی ہے ، انہوں نے کہا کہ نیب نے جب پنجاب کا رخ کیا تو کوئی پر کاٹنے کی بات کر رہا ہے کسی کی دم پر پیر آگیا ہے یہ عجیب سی بات ہے جبکہ نیب کے حوالے سے وزیر اعظم کے بیان نے سب کو پریشان کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو کرپشن کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا بلکہ کرپشن کے خلاف جنگ کرنا ہوگی ۔ کرپشن کا خاتمہ حکومت اور سیاستدانوں دونوں کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے حکومتی کوششوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ادارہ پی آئی اے موجود ہے اگر اس میں کوئی کمی کوتاہی ہے تو اس کو درست کیا جائے لیکن کہاں کی منطق ہے کہ پی آئی اے کے ہو تے ہوئے ہوابازی کا ایک اور ادارہ قائم کر دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پھر گھوم پھر کر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی باتیں شروع کی جا رہی ہیں لیکن حکمران یہ سن لیں کہ ہمیں کالا باغ ڈیم کسی بھی صورت میں قبول نہیں ہے ۔ کالا باغ ڈیم کے حوالے سے ہمارا موقف بالکل واضح ہے کسی کے دل میں اگر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا خیال ہے تو وہ دل سے نکال دے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت پاکستان پیپلز پارٹی کے مرہون منت ہے ۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کے سبب پاکستان میں جمہوریت کا پودا پروان چڑھا ہے ۔ جسقدر قربانیاں بھٹو خاندان نے اس ملک اور جمہوریت کے لیے دی ہیں ایسی قربانیاں اور اتنی قربانیاں کسی نے نہیں دی ہیں ۔ دریں اثناء تقریب میں پی پی کے مقامی رہنما نے سید خورشید احمد شاہ کی تاج پوشی کی