ممبئی(ویب ڈیسک)ہندوستانی فلموں کی مشہور اداکارہ ودیا سنہا قلیل علالت کے بعد 71 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔بھارتی نجی ٹی وی کے مطابق بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ودیا سنہا کو ایک ہفتہ قبل سانس میں تکلیف کے باعث ممبئی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا ،آج ان کی طبیعت زیادہ خراب ہو نے کے بعد ان کا انتقال ہو گیا ۔ودیا سنہا ان دنوں مشہور ٹی وی سیریل ’’کلفی کمار باجے والا‘‘ میں دادای کا کردار نبھا رہی تھیں۔1974 میں ودیا سنہا نے ’’رجنی گندھا‘‘ اور ’’چھوٹی سی بات‘‘ سے بالی ووڈ میں فلموں کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے بھارتی فلم انڈسٹری میں سپر سٹار کے طور پر متعارف ہو گئیں ۔ودیا سنہا کی مشہور فلموں میں مکتی ،کرم، کتاب،شوہر بیوی اور وہ ،تھیں جبکہ آخری بار وہ سلمان خان کی ’’باڈی گارڈ‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں ۔ودیا سنہا کے والد بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور فلم پرڈیوسر تھے جبکہ انہوں نے دو شادیاں کیں تاہم بد قسمتی سے دونوں شادیاں ہی ناکام رہیں ،عمر کے اس حصہ میں وہ تنہا زندگی بسر کر رہی تھیں۔
جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاکستان کے ٹیسٹ سٹار اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ اوربھارتی ٹینس پلیئر ثانیہ مرزا بھارتی پرچم لہرانے کی تصویر شیئر کرنے اوربھارتی یوم آزادی کی مبارکباد دینے پر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آگئیں۔ٹینس پلیئر ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی یوم آزادی کے موقع پر بھارتی پرچم لہرانے کی تصویر آویزاں کرتے ہوئے یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی جس پر ثانیہ کے لاتعداد فالوورز نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایاہے۔سوشل میڈیا صارفین نے اہلیان کشمیر سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے 15 اگست(بھارت کے یوم آزادی)کو یوم سیاہ قرار دیاہے۔ زارا اکرام نامی ٹوئٹر صارف نے ثانیہ مرزا کو جواب دیتے ہوئے کہا انسانیت کے لیے یوم سیاہ منائیں۔جب کہ کچھ لوگوں نے پاکستان اورکشمیر کا جھنڈا شیئر کرتے ہوئے لکھا کشمیر بنے گا پاکستان انشااللہ۔فرح ناز نامی صارف نے ثانیہ مرزا سے درخواست کرتے ہوئے کہا بھابھی پلیز پاکستانی ہوجائیں اس کے ساتھ انہوں نے فری کشمیر(کشمیر کی آزادی)اور یوم سیاہ کے ہیش ٹیگ استعمال کیا۔اقرا اسلم نامی ٹویئٹر صارف نے ثانیہ مرزا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’مسلمان ہونے کی وجہ سے کچھ تو خیال کریں ‘‘۔ واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پوری دنیا کی نظریں سلامتی کونسل پر ہیں، دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کرناہوگا، ہم سفارتی ، قانونی اور اخلاقی محاذ پر مقابلہ کریں گے اور کشمیریوں کا آخری حد تک ساتھ دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق چیئر کراسنگ مال روڈ پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر کردار ادا کرناہوگا ، اس وقت خطے کا امن داﺅ پر لگادیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے امریکہ سے کہہ دیا تھا کہ وزیر اعظم اور پاکستان کے عوام افغانستان کا امن دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں لگتاہے کہ اس کیخلاف کوئی سازش ہورہی ہے اور میں نے اس پر سفارتی سطح پر احتجاج ریکارڈ کروایا ۔