لاہور: احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ اور بسم اللہ انجینئرنگ کے شاہد شفیق کو15روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔عدالت نے دونوں ملزموں کو4جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے ناجائز اثاثہ جات ریفرنس میں احد چیمہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔ نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار احد چیمہ اور شریک ملزم شاہد شفیع کا 90 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے ، ملزموں سے اس کیس میں مزید تفتیش کی ضرورت نہیں، تاہم تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ناجائز اثاثہ جات کیس میں احد چیمہ کو 15 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا جائے ۔ احد چیمہ کی پیشی کے موقع پراحتساب عدالت کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ عدالتی احاطے میں سائلین کا داخلہ بند کر دیا گیا، پولیس کی جانب سے احد چیمہ کو ججز گیٹ سے احتساب عدالت میں لایا گیا۔ادھر احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے احد چیمہ کا میڈیکل چیک اپ پی آئی سی سے نہ کرانے پر نیب تفتیشی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت4جون تک ملتوی کردی۔