اسلام آباد(ویب ڈیسک) مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزراء دن میں اکڑتے ہیں اور راتوں کو اپوزیشن ے پاوں پکڑتے ہیں ۔انکا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو چاہیے کہ وہ راتوں کو اپوزیشن جماعتوں کی منتیں کرنے والے وزراء کے نام بھی بتائیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات،
چوہدری فواد حسین نے آج پارلیمنٹ میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی تباہی کے ذمہ دار قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی پہلی نشستوں پر براجمان ہیں۔ اپوزیشن این آر او چاہتی ہے مگر ہم اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وہ ’’این آر او‘‘ اور ہم ’’نہ رو‘‘ کی بات کرتے ہیں۔نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے۔وہ اب اس ایوان میں نہیں آسکتے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت کو دن کو تارے اور رات کو اسرائیلی طیارے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے پاس نہ قیادت ہے اور نہ نظریہ ۔وہ نئی قیادت کا انتخاب کرے، ان پر اربوں روپے سے کم کے کیس نہیں۔ ان کی بے گناہی کا ان کا خاندان بھی گواہی نہیں دے سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں آج دنیا میں پاکستان کا ایک مقام ہے۔آج پاکستان کو مشرق وسطیٰ کے مسائل کے حل کے لئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کی جارہی ہے۔ ہم نے سعودی عرب سے پاکستان کے بچوں کے لئے بھیک مانگی ہے۔ہر ادارے میں سیاسی بھرتیاں کرکے انہیں تباہ کیا گیا،آج ملک سے اندھیرے کا راج ختم ہو چکا ہے۔ ایک ایسی صبح طلوع ہونے والی ہے کہ پاکستان دنیا میں قرضے لینے کی بجائے قرض دینے والا ملک بن جائے گا۔ تاہم وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے این آر او والے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ موجودہ دور کے وزرا آمریت کے دور کے وزرا ہیں جنہیں پارلیمانی اقدار کا کوئی اندازہ نہیں، یہ دن کو اکڑتے ہیں اور رات کو اپوزیشن کے پاؤں پکڑتے ہیں۔انہوں نے کہا جو راتوں کو اپوزیشن کے سامنے روتے ہیں وہ عوام کے سامنے بتایا جائے، وزیر اطلاعات خود این آر او کے خالق کے ترجمان رہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سوال صرف یہ ہے کہ این آر او مانگنے والوں کا نام بتایا جائے، اگر حکومتی وزرا کے پاس کوئی اخلاقی جواز ہے تو جواب دیں۔