پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں جن غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست سامنے آرہی ہے اس میں کوئی بڑا اور نمایاں کھلاڑی نہیں ہے۔
پی ایس ایل کئے تیسرے ایڈیشن کے لیے جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر عمران طاہر اور افغانستا ن کے لیگ اسپنر راشد خان کو پلاٹینم کٹیگری میں رکھا گیاہے۔ زیادہ تر وہی غیر ملکی کھلاڑی ہوں گے جو پچھلے سال شریک ہوئے تھے جبکہ نئی فہرست فرنچائز کو بھیج دی گئی ہے۔ فروری میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے کسی کھلاڑی کی شرکت کا امکان نہیں ہے جبکہ اگلے سال پی ایس ایل 3 میں نئی ٹیم ملتان سلطان حصہ لے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 ستمبر تک گذشتہ سال کے 20 کھلاڑیوں کی فہرست سے ہر فرنچائز کو 10 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنا اور 10 کو ریلیز کرنا ہوگا۔ گذشتہ سال کی فہرست سے 5ٹیمیں جن 10،10 کھلاڑیوں کو ریلیز کریں گی۔ ان 50 کھلاڑیوں میں سے پہلا آپشن نئی فرنچائز سلطان ملتان کو دیا جائےگا۔ وہ 50 میں سے 10 کھلاڑیوں کا چنائو کرے گی جبکہ بقیہ 10،10 کھلاڑیوں کا انتخاب ڈرافٹنگ سے ہوگا۔
ہر ٹیم پلاٹینیم، ڈائمنڈ اور گولڈ کٹیگری سے 2،2 سلور سے 3 اور ایمرجنگ کٹیگری سے ایک کھلاڑیوں کو ریلیز کرے گی اور اتنے ہی نئے کھلاڑیوں کو ڈرافٹنگ کے ذریعے لے گی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کے لئے معاہدے میں دوسرے مرحلے میں لاہور اور کراچی جاکر میچز کھیلنے کی شق رکھے جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈین لیجنڈ ویو رچرڈز اس بار شائد کوئٹہ کے ڈگ آئوٹ میں مینٹور کی حیثیت سے دکھائی نہ دیںاور ان کی جگہ کیون پیٹرسن کو مینٹور اور کھلاڑی کی ذمے داری دینے کی تجویز پر زیر غور ہے۔