کراچی: شہر قائد کو پی پی سرکار نے بڑا تحفہ دیتے ہوئے ’10‘ نئی بسیں چلادی ہیں۔
سندھ حکومت نے کراچی کو 10 سال بعد 10 بسوں کا تحفہ دے دیا جبکہ یہ بسیں بھی مستقل نہیں بلکہ آزمائشی بنیادوں پر پائلٹ پروجیکٹ کے تحت چلیں گی۔ شہریوں نے ڈھائی کروڑ کی آبادی کے لئے 10 بسوں کے تحفے کو مذاق قرار دیا ہے۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پیپلز بس سروس سندھ حکومت اور نجی کمپنی کا مشترکہ منصوبہ ہے، تاہم اس میں سندھ حکومت نے کوئی سرمایہ کاری نہیں کی، بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری صاحب کی ہدایت ہے کہ کراچی کے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی سہولیات دی جائیں۔ ایک بس میں 30 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے جب کہ کرایہ 20 ، 30 اور 40روپے رکھا گیا ہے۔ پیپلز بس سروس صبح 6 سے رات 11 بجے تک داؤد چورنگی سے ٹاور کے روٹ پر چلے گی۔ واضح رہے کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کی صورتحال بہت خراب ہے اور آبادی کے تناسب سے بسوں کی تعداد بہت کم ہے جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔