کراچی: عید الفطر کے موقع پر مقامی سینما گھروں میں دو بڑی پاکستانی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔
اس عید پر مقامی سینما گھروں میں شائقین کے لیے پاکستانی فلموں کا میلہ لگ رہا ہے، عید الفطر کے موقع پر پاکستانی سینماؤں میں بڑے بجٹ کی 2 اردو فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں جن میں ’’مہرانسا وی لب یو‘‘ اور’’یلغار‘‘ شامل ہیں۔
پاکستان کے معروف ہدایت کار و اداکار یاسرنواز اور اداکار دانش تیمور کے اشتراک سے بننے والی فلم ’’مہرالنسا وی لب یو‘‘ میں دانش تیمور اور ثنا جاوید مرکزی کردارمیں نظر آئیں گے، فلم کی کہانی رومانس، ایکشن اور مزاح سے بھرپور ہے جو آخر تک شائقین کو فلم سے جوڑے رکھے گی جبکہ فلم میں جاوید شیخ بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
حسن وقاص رانا کی زیر ہدایت بننے والی فلم ’’یلغار‘‘بھی اس دوڑ میں شامل ہے، فلم ’’یلغار‘‘ کے چرچے کافی عرصے سے میڈیا میں جاری ہیں، یہ فلم پاکستانی سینما کی سب سے مہنگی فلم قرار دی جا رہی ہے، فلم کی کاسٹ میں اداکار شان، ہمایوں سعید، ارمینا رانا خان، عائشہ عمر، گوہر رشید، عدنان صدیقی اورثنا بچہ شامل ہیں، فلم کی کہانی سوات میں دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کے گرد گھومتی ہے۔
عید کے موقع پر مقامی سینما میں پاکستانی فلموں کی نمائش ایک خوشگوار اضافہ ہے، دونوں پاکستانی فلموں کو ریلیز سے پہلے ہی عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ فلمیں باکس آفس پر اچھا بزنس کریں گی۔