پاکپتن: پنجاب کے وزیر برائے ریوینو میاں عطا محمد مانیکا نے سیاست سے ریٹائرڈ ہونے کا فیصلہ کر لیا، میاں عطا محمد مانیکا نے کئی بار موجودہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے اختلاف کی بنا پر مستعفٰی ہونے کا اعلان کیا لیکن بعد ازاں نئی وزارت ملنے پر وہ دوبارہ حکومت میں ہی رہے، اب انہوں نے صحت کی خرابی کی بنا پر سیاست سے ریٹائرڈ ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن کنول نعمان نے پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا‘ پارٹی پالیسوں پر بھی تحفظات کا اظہار کر دیا۔ کنول نعمان کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب مسلم لیگ (ن) صدر میاں شہباز شریف کو بھجوائے جانیوالے استعفیٰ میں کہا گیا ہے کہ میں پنجاب اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے رہی ہوں مہربانی فرماکر قبول کریں میں نے آپ کی قیادت میں 10سال گزار دیئے ہیں، آپ کو میرے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہوگی، الحمد للہ میرا ضمیر مطمن ہے، میں نے حق نمک ادا کر دیا ہے، میرے کچھ تحفظات ہیں میرے کچھ اہم مسائل کسی نے حل نہ کیے جس کی وجہ سے میں بد دل ہوگئی ہوں۔ آپ کے پاس بھی میرے لیے وقت تھا نہ ہے نہ ہوگا۔ میں نے پارٹی آپ کی وجہ سے جوائن کی کیونکہ آپ درد دل رکھنے والی شخصیت ہیں لیکن سر آپ نے پورے پاکستان کے لوگوں کے دکھ سنے اور انکے مسائل حل کیے لیکن میں فیض یاب نہ ہوسکی، میری قسمت۔ سو آج آپکا در چھوڑ کر چھوڑ جا رہی ہوں، کہا سنا معاف کر دیجئے گا۔