اسلام آباد: عام انتخابات میں کے بعد سیاسی جماعتیں جوڑ توڑ میں مصروف ہیں اور آزاد حیثیت میں جیتنے والے اراکین کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے جتن کر رہی ہیں۔ ایسے میں مسلم لیگ ن کو ایک بڑا جھٹکا لگ گیا ہے اور قومی اسمبلی میں اس کی ایک اور نشست کم ہوگئی ہے۔ یہ نشست حلقہ این اے 10 شانگلہ کی تھی جس پر ہونے والے انتخابات کو الیکشن کمیشن نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔
قانون کے مطابق کسی بھی حلقے کے الیکشن میں ڈالے گئے ووٹوں میں خواتین کے ووٹوں کی تعداد کم از کم 10فیصد ہونی لازمی ہے۔ بصورت دیگر اس حلقے کا الیکشن کالعدم قرار دے دیا جاتا ہے۔ حالیہ عام انتخابات میں این اے 10 شانگلہ کے علاوہ حلقہ این اے 48شمالی وزیرستان میں بھی خواتین کے ووٹوں کی تعداد 10 فیصد سے کم تھی۔ چنانچہ الیکشن کمیشن نے ان دونوں حلقوں کے انتخابات کالعدم قرار دے دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ این اے 10 پر مسلم لیگ ن کا امیدوار جیتا تھا جبکہ این اے 48 پر ایک آزاد امیدوار کو فتح حاصل ہوئی تھی۔