ہری پور (ویب ڈیسک) پاکستان کے سب سے بڑے تربیلا ڈیم کے تمام پاور ہاوسز بند ہوگئے، پانی کا اخراج بند ہونے کی صورت میں تربیلا پاور ہاؤس سے بجلی کی فراہمی بھی بند ہوئی، بجلی کا شارٹ فال پوراکرنے کے لیے بند پڑے تھرمل پاور ہاؤس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک میں بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پانی کے ذخائر میں کمی کے باعث تربیلا ڈیم اور منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پانی کا اخراج بند کرنے کے باعث تربیلا ڈیم کے تمام پاور ہاوسز بند ہو گئے ہیں۔ جب کہ منگلا ڈیم کے کئی پاور ہاوسز بھی بند ہو گئے ہیں۔ تربیلا ڈیم اور منگلا ڈیم سے بجلی کی ترسیل میں کمی کے باعث ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافے کے باعث شارٹ فال کو پورا کرنے کے لیے بند پڑے تھرمل پاور ہاؤس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاور ڈویژن کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جوں ہی تھرمل پاور ہاؤسز سے بجلی سسٹم میں شامل ہوگی تو لوڈ شیڈنگ کی کمی پر کسی حد تک قابو پا لیا جائے گا ۔