اسلام آباد(ویب ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین سینیٹ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صادق سنجرانی آج استعفیٰ دے دیں تو اچھا ہے ورنہ کل تو ہمیں انہیں ہٹانا ہی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ آج اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں ،اپوزیشن کے پاس چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لیے نمبرز زیادہ ہیں ۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی کو پہلے مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں ، اچھا ہوگا کہ آج ہی چیئرمین سینیٹ استعفیٰ دے دیں ورنہ کل تو ہمیں انہیں ہٹانا ہی ہے۔واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لیے تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر کل بروز جمعرات خفیہ رائے شماری کی جائے گی۔حکومت نے صادق سنجرانی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کررکھا ہے جب کہ اپوزیشن نے تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تیاری کررکھی ہے سینیٹ کا اجلاس آج دوپہر دو بجے طلب کیا گیا ہے، پہلے چیئرمین سینیٹ اور پھر ڈپٹی چیئرمین کیخلاف تحریک عدم اعتماد پرکارروائی ہو گی۔ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلیے اپوزیشن کو 53 ارکان کی ضرورت ہے جبکہ اپوزیشن کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس 64 ارکان ہیں، رائے شماری خفیہ طریقے سے ہوگی۔ بیلٹ پیپر کی چھپائی مکمل کر لی گئی ہے۔ پریذائیڈنگ افسر محمد علی سیف اجلاس کی صدارت کرینگے۔ حکومتی اور اپوزیشن بینچوں نے اپنے اپنے ارکان کو اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے مستعفی ہونے کا امکان ہے، چیئرمین سینٹ اپنے قریبی رفقاء سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینٹ استعفی دینا چاہتے ہیں مگر عمران خان کی جانب سے ڈٹ کر مقابلہ کرنے کہ احکامات ملے ہیں ۔چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی رات تک حتمی فیصلہ کریں گے چیئرمین سینیٹ اپنے حتمی فیصلہ سے جلد وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کریں گے۔