لاہور : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرادری پنجاب میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات پر بول پڑے۔
انہوں نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کو غیر شفاف قرار دیتے ہوئے دھاندلی کا الزام لگا دیا۔ کہتے ہیں دوسرے مرحلے میں پنجاب میں وسیع پیمانے پر دھاندلی کی گئی۔
پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ کامیاب امیدواروں کو دوبارہ گنتی میں بھی ہرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کے بعد پنجاب کا تفصیلی دورہ کروں گا اور پنجاب میں تنظیمی اجلاس اور کارکنوں سے ملاقاتیں ہوں گی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا آئندہ عام انتخابات کے لئے انتخابی مہم کا آغاز پنجاب سے کروں گا۔
پیپلز پارٹی غریب عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ ادھر دبئی میں آصف علی زرداری کی زیر صدارت اجلاس میں اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
پانچ دسمبر کا بلدیاتی معرکہ سر کرنے کی حکمت عملی اور بدین میں شکست کی وجوہات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب پر غور اور سندھ میں وزارتوں کی تبدیلیاں بھی ایجنڈے پر تھیں۔